Mirpur Corona Virus Update News

Mirpur Corona Virus Update News

SHARE

میرپور(پی آئی ڈی) 20فروری 2021 کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری محمد رقیب خا ن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کو کنٹرول کرنے کے لیے انتظامیہ،پولیس اور محکمہ صحت سمیت دیگر ادارے ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے میں مذید سختی کریں تاکہ اس وائرس سے لوگوں کو بچایا جاسکے ا س سلسلہ میں کسی کے ساتھ کوئی رو رعایت نہ برتی جائے۔ملک بھر میں کورونا وائرس کی شرح میں مجموعی کمی آئی ہے تاہم میرپور میں صورتحال ٹھیک نہیں ہے۔اس سلسلہ میں حکومت آزاد کشمیر کی طرف سے جاری کردہ ہیلتھ ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے مجسٹریٹ صاحبان اور پولیس افسران سخت اقدامات اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں کورونا وائرس کے سدباب کے لیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راجہ طاہر ممتاز خان،اسسٹنٹ کمشنر منیر احمد قریشی،ڈی ایچ او ڈاکٹر فدا حسین،ایڈیشنل ڈی ایچ او ڈاکٹر ندیم فضلداد،ڈپٹی ڈائریکٹر ایم ڈی ایچ اے ساجد اسلم،افسر مال سردار پرویز خان،تحصیلدار کلیم عباس شاہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری محمد رقیب نے جملہ افسران کو ہدایت کی کہ ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنیوالوں سے سختی سے نمٹا جائے۔ بہرون ممالک سے آنے والوں کی رجسٹریشن اور ان کی ہوم آئیسولیشن کے حوالے سے روزانہ رپورٹ کی جائے۔جب تک انتظامیہ کی طرف سے سخت اقدامات نہیں کیے جاتے اس وقت تک اس وائرس کو کنٹرول نہیں کیا جاسکتا۔انھوں نے کہا کہ عوام الناس سمیت تاجروں اور صنعتکاروں کو بھی سختی سے پابند کیا جائے کہ وہ اپنے کاروباری مراکز میں ایس او پیز کی سو فیصد پابندی کروائیں کسی بھی کاروباری مراکز میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی تو اسے بھی سیل کردیا جائیگا۔انسانی جانوں کو بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے او ر اس سلسلہ میں کوئی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔جن افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے اس گھر کے جملہ افراد کے مقررہ مدت تک گھر سے باہر نہ نکلنے دیا جائے۔ کورونا وائرس ایک وائرس ہے جو ایک شخص سے دوسرے شخص سے ملنے ملانے سے پھیلتا ہے لہذا کورونا وائرس کے مضبوط چین کو ختم کرنے کے لیے ہمیں ایس او پیز کی مکمل پابندی کروانا ہوگی۔اجلاس میں مجسٹریٹ صاحبان،پولیس،محکمہ صحت عامہ،بلدیہ سمیت دیگر اداروں کی کارکردگی کو سراہا گیا اور مزید ہدایت کی گئی کہ وہ مزید سخت اقدامات اٹھائیں۔